حیدر آباد( ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی والدہ انتقال کر گئیں ہیں، جنکی نماز جنازہ آج نمازِ ظہر کے بعد الفلاح مسجد میں ادا کر دی گئی ہے، نمازِ جنازہ میں سندھ کی سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کی والدہ رضا الٰہی سے انتقال کر گئی ہیں، مرحومہ کافی دنوں سے علیل تھیں اور کراچی کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں، علیم جن کی جنازہ نماز ظہر کے بعد الفلاح مسجد پی اینڈ ٹی کالونی نزد پنجاب چورنگی کوثر میڈکوز کریم عادل شیخ کی رہائشگاہ پر ادا کی گئی جبکہ مرحومہ کی تدفین ایئرپورٹ قبرستان پر کر دی گئی ہے۔ نمازِ جنازہ میں سندھ کی تمام سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی، مرحومہ کا ختم قُل کل علیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر ہوگا۔ دوسری جانب خبر یہ ہے کہ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کی پوتی گذشتہ روز انتقال کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی پوتی، شیخ شاکر شفیق کی بیٹی اور ایم این اے شیخ راشد شفیق کی بھتیجی کو سوگواران کی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، اراکین پارلیمنٹ، تاجروں اور وکلاء سمیت زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد نماز جنازہ میں شریک ہونے والوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ،ایم این اے شیخ راشد شفیق اور شیخ شاکر شفیق سے ملاقات کر کے ان سے اظہار تعزیت کی۔ نماز جنازہ میں تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں، دارالعلوم تعلیم القرآن کے مہتمم مولانا اشرف علی، ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے سید منور شاہ،ترجمان لال حویلی شیخ امین، انجمن تاجران راولپنڈی سٹی و کینٹ کے عہدیداران اور تاجروں کی کثیر تعداد کے علاوہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعد شیخ شاکر شفیق کی بیٹی کو جدید قبرستان کمیٹی چوک میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شیخ شاکر شفیق کی بیٹی کی روح کے ایصال ثواب کے لیےآج نماز عصر کے بعد لال حویلی میں قرآن خوانی ہوگی جبکہ نماز مغرب کے بعد اجتماعی دعائے مغفرت ہوگی۔