اسلام آباد(یس اردو نیوز) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی راہنما جہانگیر ترین نے چیف الیکشن کمشنر کو وفاقی حکومت کی طرف سے قبل ازانتخابات دھاندلی کی کوششوں کو روکنے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نون لیگ کی وفاقی حکومت کی جانب سے قبل از انتخابات دھاندلی کی کوششوں میں مصروف ہے جس کا فوری نوٹس لیا جائے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے سیاسی رشوت کے طور پر دس لاکھ نئے کنکشنز کے اجراء کی اطلاعات ہیں،
خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کو گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے ، حکومت نے نئے کنکشنز کے اجراء کا اعلان کرتے وقت اوگرا سمیت دیگر اداروں کی صلاحیت اور نقط نظر کو یکسر فراموش کیا، حکومتوں کی جانب سے ووٹ خریدنے کیلئے رائے دہند گان میں وسائل کی تقسیم کی رسم نئی نہیں، گیس کے دس لاکھ نئے کنکشنز کے اجراء کا اعلان آئندہ انتخابات پر اثرا نداز ہونے کی ایک کوشش ہے ، الیکشن کمیشن آزادانہ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کا ذمہ دار ہے،
حکومت کی مدت ختم ہونے سے محض نوے روز قبل گیس کنکشنز کا اعلان نون لیگ عزائم واضح کرتا ہے، الیکشن کمیشن فوری طور پر معاملے کا نوٹس لے اور وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرے، سیاسی مقاصد کی خاطر عوام میں گیس کنکشنز کی تقسیم کا عمل روکا جائے ۔