counter easy hit

پی ٹی آئی اجلاس، توقعات کے برعکس رپورٹ بھی تسلیم کرنیکا فیصلہ

PTI

PTI

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے مشاورتی اجلاس میں جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ توقعات کے برعکس آنے کے باوجود تسلیم کرنے پر اتفاق کیا گیا اور فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف اسمبلی میں بھرپور کردار کریگی۔

انتخابی اصلاحات کمیٹی میں موثر کردار ادا کیا جائیگا۔ آئندہ انتخابات کو صاف شفاف بنانے کیلیے بھرپور کردار ادا کریں گے‘ حکومت سے تعلقات کا انحصار اس کے رویے پر ہوگا جبکہ عمران خان نے جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کر دی۔

غیر رسمی اجلاس جمعے کی شب پارٹی چیئرمن عمران خان کی رہائشگاہ پر ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسد عمر، شیریں مزاری اور نعیم الحق سمیت پارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر بابر اعوان نے عمران خان کو جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر قانونی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ غیر رسمی اجلاس میں پارٹی قائدین نے فیصلہ کیا کہ جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ توقعات کے برعکس آنے کے باوجود تحریک انصاف اسے تسلیم کریگی اور اسمبلی میں بھرپور کردار کریگی۔