وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے گھر میں سرکاری کھاتے سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا فانوس نصب کردیا ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی منسٹر کالونی میں رہائش پذیر ہیں ان کی اہلیہ کا مطالبہ تھاکہ کوٹھی میں قیمتی فانوس لگایا جائے چنانچہ پی ڈبلیو ڈی کے افسران
نے یہمطالبہ فوری طور پر پورا کردیا ہے۔ اس سے پہلے بھی وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اس گھر میں شفٹ ہوکر نئے پردے لگوائے تھے اور تزئین و آرائش کا کافی زیادہ کام کروایا تھا البتہ فانوس کی کمی محسوس کی.جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی کے درمیان تلخیوں سے متعلق پیش گوئی کی ہے کہ فواد چوہدری کابینہ میں نہیں رہیں گے۔گزشتہ روزسینیٹ اجلاس سے قبل ایک نجی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ فواد چوہدری اور نعیم الحق اس حکومت کے لیے پریشانی کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ نعیم الحق، عمران خان کے راز دار ہیں، نعیم الحق کے پاس بہت سے ایسے راز ہیں جو نہیں بتائے جا سکتے جبکہ فواد چوہدری ابھی نئے ہیں۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان نعیم الحق کے معاملے پر مجبور ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ نعیم الحق کابینہ میں رہیں گے اور فواد چوہدری چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس حکومت کا لیڈر کہتا ہو کہ اپوزیشن کو تکلیف پہنچائیں گے تو اپوزیشن کو تکلیف پہنچاتے پہنچاتے یہ آگ حکومت کے اپنے گھر پہنچ گئی ہے کہ حکومتی ارکان خود ایک دوسرے کو تکلیف پہنچارہے ہیں۔ جس حکومت کا کوئی ایجنڈا نہ ہو اور وہ اپوزیشن کو تکلیف پہنچاتے پہنچاتے، اب عوام کو تکلیف پہنچارہی ہے، وہ آگ اب ان کے گھر چلی گئی ہے۔