پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مشتاق غنی خیبرپختونخوا اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوگئے۔ مشتاق غنی نے 81 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل اپوزیشن کے نامزد کردہ امیدوار لائق محمد نے 27 ووٹ حاصل کئے۔ 112 میں سے 110 ارکان نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا، 2 ایم پی ایز نگہت اورکزئی اور محمد دلدار ایوان سے غیر حاضر رہے۔
ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخواہ میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے محمود جان کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل جمشید مہمند کو شکست ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما محمود جان نے 78 ووٹ حاصل کئے، ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار جمشید مہمند نے 30 ووٹ حاصل کرسکے۔ سپیکر مشتاق غنی نے ڈپٹی سپیکر محمود جان سے حلف لیا۔
خیال رہے عام انتخابات میں زیادہ نشستیں جیتنے کے بعد پی ٹی آئی کو ایوان میں سادہ اکثریت حاصل تھی جس کی وجہ سے تحریک انصاف نے آسانی کیساتھ اپنے امیدواروں کو کامیاب کرایا۔ دوسری جانب اپوزیشن کے پاس ایوان میں صرف 35 کے قریب اراکین کی حمایت حاصل تھی۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخابات کیلئے آج کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے جس کے بعد کل یعنی 16 اگست کو صوبے کے وزیراعلیٰ کا چناؤ کیاجائے گا۔ پی ٹی آئی پہلے ہی اپنے امیدوار محمود خان کو وزیراعلیٰ کیلئے نامزد کر چکی ہے تاہم اپوزیشن کی جانب سے وزارت اعلیٰ کیلئے نام آج سامنے آئیگا۔