اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان بھی وہی اور اسمبلی بھی وہی، تبدیلی آئی تو تحریک انصاف میں، جی ہاں تحریک انصاف نے اسمبلیوں میں واپسی کا فیصلہ کرلیا۔ ارکان کو آج ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
عمران خان کہتے ہیں اب اپوزیشن بن کر دکھائیں گے ۔ کراچی جانے کا اعلان بھی کر دیا ۔ اسمبلیوں میں واپسی کا فیصلہ بنی گالہ میں عمران خان کی زیر صدارت ہونیوالے کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے میڈیا سے گفتگو میں فیصلے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ عمران خان کہتے ہیں یمن میں لگی آگ پر تیل ڈالنے کے بجائے اسے بجھانے کی کوشش کرنی چاہیئے۔
پی ٹی آئی اپوزیشن بن کر دکھائے گی۔ دھاندلی کے خلاف اسمبلی میں بھی آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے دو ہزار پندرہ کو الیکشن کا سال بھی قرار دیا۔
عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جمہوری پارٹی بننے کا سنہری موقع گنوا دیا ، این اے دو سو چھیالیس کی انتخابی مہم کیلئے خود کراچی جا رہے ہیں ، جس نے جو کرنا ہے کرلے ، برطرف ایس ایس پی محمد علی نیکو کارا سے یکجہتی ظاہر کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایسے ہی نڈر پولیس افسران کی ضرورت ہے ، وہ ان کی بحالی بھی کرائیں گے۔
عمران خان نے پنجاب اور سندھ اسمبلیوں کے ارکان کو بھی آئندہ اجلاسوں میں شرکت کی اجازت دے دی۔