تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا پول کھولیں گے اور عمران خان کو اب بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔
الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ پارٹی فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے زیر سماعت ہے لیکن آج پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں وہی دستاویزات جمع کرائیں جو سپریم کورٹ میں دی تھیں جب کہ پی ٹی آئی کی دستاویزات میں منی ٹریل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات جعلی ہیں جن کا کوئی ریکارڈ نہیں ،پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ ان کی دستاویزات اکبر ایس بابر کو نہ دکھائی جائیں تاہم ہم ان دستاویزات کا پول کھولیں گے ۔ پی ٹی آئی کے منحرف رہنما نے مزید کہا کہ لاہور کاضمنی انتخاب اس بات کا ثبوت ہےکہ لوگ سچائی کے راستے کی تبدیلی کے خواہاں ہیں، عمران خان سے پوچھتا ہوں کہ قوم نے نئی سمت کیوں نہیں تلاش کی۔