تحریک انصاف نے سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی،جس میں قومی اسمبلی کی کارروائی روک کر سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر بحث کرانے کا کہا گیا ہے۔
تحریک التواء پی ٹی آئی کے رہنماؤں، محمود قریشی، شیریں مزاری اور منزہ حسن کی طرف سے جمع کرائی گئی جس میں سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ میں وزارت داخلہ کی نااہلی کی طرف نشاندہی کی گئی ہے۔پی ٹی آئی کی تحریک التوا کے مطابق وزیرداخلہ نے کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ رپورٹ میں حکومت بلوچستان کی ناکامی اور بلوچستان کی سیاسی لیڈرشپ کی کرپشن کا ذکر بھی ہے جبکہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کے حوالے سے سنجیدہ سوال اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے تحریک التوا میں کہا کہ سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ انتہائی اہم نوعیت کا معاملہ ہے، اس لیے قومی اسمبلی کی کارروائی روک کر اس پر بحث کرائی جائے۔