اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر قومی اسمبلی میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف تحریک التوا جمع کرا دی ہے۔
یس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی میں کوئٹہ کمیشن رپورٹ پر تحریک التوا جمع کرادی ہے۔ تحریک التوا شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری اور منزہ حسین نے جمع کرائی۔
تحریک التوا کے متن میں کہا گیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ پر جسٹس فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بننے والے کمیشن نے جو رپورٹ پیش کی ہے اس میں وفاقی وزارت داخلہ اور صوبائی حکومت کی ناکامی کا ذکر کیا گیا ہے۔تحریک التوا میں بتایا گیا ہے کہ کمیشن رپورٹ میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کا بھی ذکر ہے جب کہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے رونما ہونے میں صوبائی حکومت کی کوتاہی اور غفلت بھی شامل ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردی کو ختم کرنے میں سب سے بڑی رکاوٹ صوبائی حکومت اور سیاسی قیادت کی کرپشن ہے، کرپشن کے خاتمے تک دہشت گردی سے چھٹکارا نہیں پایا جا سکتا۔تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ایوان میں آکر خود پر لگے الزامات پر وضاحت پیش کریں اور ارکان پارلیمنٹ میں پائی جانے والی تشویش کو دور کریں۔