فیصل آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف نے آج فیصل آباد کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر ضلعی انتظامیہ بھی تیار ہے اور ممکنہ گڑ بڑ سے نمٹنے کے لیے دوسرے اضلاع سے بھی پولیس منگوالی گئی ہے۔
شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔پاکستان تحریک انصاف نے آج فیصل آباد کے نو اہم مقامات پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ شہریو ں کی آمدورفت کو بھی روکا جائے گا۔
پرو گرام پر عمل درآمد کے لیے تحریک انصاف کے کارکن خا صے سر گرم ہیں۔ انصاف بزنس فورم کاکہناہے کہ مختلف تاجرتنظیمیں اپنا کاروبار بند رکھیں گی۔ اگر کسی نے زبردستی بازار کھلوانے کی کوشش کی تو اس سے نمٹ لیں گے۔ ادھر حکمراں جماعت کے حامی تاجروں نے بھی کہہ رکھا ہے کہ کچھ ہوجائے کاروبار بند نہیں کرانے دیا جائے گا۔
ہڑتال سے ایک دن قبل ہی گھنٹہ گھر چوک پرتحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنان جمع ہوگئے اور دن بھرایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ کارکنوں نے ایک دوسرے پر انڈے اور ٹماٹر بھی برسائے۔
ادھر ضلعی انتظامیہ نے بھی ہڑتال اور مظاہرے سے نمٹنے کے لیے تیاریاں کرلی ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کےلئے مختلف مقامات پر 7ہزار200پولیس اہلکارڈیوٹی انجام دیں گے۔ جبکہ 4ہزار پولیس اہلکار گھنٹہ گھر چوک کے اطراف تعینات کئے جائیں گے۔