مریم نواز شریف نے کہا ہے پی ٹی آئی کو اپنی دستاویزات اور الزامات کو ثابت کرنے کے لیے ثبوت دینا ہونگے، پی ٹی آئی کی دستاویزات غیر قانونی ہیں، یہ بات دوران سماعت ثابت کروںگی۔
مریم نواز شریف نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی۔ عدالت نے درخواست کے ساتھ منسلک مریم نواز کا تحریری بیان دستخط نہ ہونے پر واپس کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج مریم نواز کے دستخط کے بعد بیان دوبارہ جمع کرایا جائے گا۔شاہد حامد ایڈووکیٹ کی طرف سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی متفرق درخواست میں مریم نواز کا مؤقف ہے کہ کومبر کمپنی سے کبھی کوئی مالی فائدہ حاصل نہیں کیا،ایف آئی اے اور موزیک فونسیکا کے درمیان مبینہ طور پر خط وکتابت میں کبھی شامل نہیں رہی۔متفرق درخواست میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ حسین نواز نیلسن اور نیسکول کمپنیوں کے حقیقی مالک ہیں، درخواست گزار نے ان پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں اور ان کی طرف سے پیش کی گئی دستاویزات نہ صرف غلط ہیں بلکہ انکی کوئی قانونی حیثیت بھی نہیں۔مریم نواز کا درخواست میں کہنا ہے کہ حسین نواز ان کا بڑا بھائی ہے اور انہیں بہت عزیز ہے، حسین نواز اپنے مرحوم دادا کو بھی بہت عزیز رہے، حسین نواز نے دو شادیاں کی ہیں، ان کی بیگمات مختلف قومیتوں کی حامل ہیں، پہلی شادی سے چار دوسری سے تین بچے ہیں۔درخواست کے مطابق انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی طرف سے پیش کی گئی دستاویزات پر مزید اعتراضات اٹھانے کا قانونی حق محفوظ رکھتی ہوں اور ان دستاویزات کو کیس کی سماعت کے دوران غلط ثابت کروں گی۔