اسلام آباد: تحریک انصاف کے ملتان سے تعلق رکھنے والے کارکنان کے شدید احتجاج کے بعد مرکزی قیادت نے حلقہ این اے 154 ملتان سے سکندر بوسن کو جاری کیا گیا پارٹی ٹکٹ چند گھنٹوں کے بعد ہی واپس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنان گزشتہ کئی روز سے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر سراپا احتجاج تھے جن کا مطالبہ تھا کہ سکندر بوسن سے پارٹی ٹکٹ واپس لیا جائے۔شدید احتجاج اور مخالفت کے بعد پی ٹی آئی قیادت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 ملتان سے جاری کردہ ٹکٹ سکندر بوسن سے واپس لے لیااور کہاہے کہ اس حلقے پر ٹکٹ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سکندر بوسن حال ہی میں مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں جنہیں ملتان سے پارٹی ٹکٹ دیا گیا تھا۔