فیصل آباد (یس ڈیسک) فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکن کے قتل کے الزام میں درج مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے، پولیس نے عابد شیر علی اور رانا ثنا اللہ کو بے گناہ قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے ابتدائی چالان آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جس کے مطابق 8 دسمبر کو تحریک انصاف کے جلوس پر فائرنگ کا واقعہ کسی مشاورت کا نتیجہ نہ تھا اور مقدمہ سے دفعہ 109 ختم کر دی گئی ہے۔
مشاورت کی دفعہ ختم ہونے سے وزیر مملکت عابد شیر علی، سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ، ایم پی اے طاہر جمیل، ڈی سی او نورالامین مینگل کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے جبکہ چار گرفتار ملزمان کو ہی اصل ملزم قرار دے کر مقدمہ کی سماعت کی درخواست کی گئی ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ مسترد کر دی ہے اور کل فیصل آباد میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا ہے۔