لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آتے ہی پولیس اسٹیشنز میں شہریوں پر تشدد کرنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت پولیس اسٹیشنز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد کے خلاف اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہے، عمران خان حلف اٹھانے کے فوری بعد تھانوں میں شہریوں پر ہونے والے تشدد کو بند کرنے کے احکامات جاری کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پولیس اسٹیشنز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں پر تشدد کرنے پر پابندی ہونی چاہیے ، یہ غیر اسلامی اور غیر آئینی ہے، اس سے زیادہ تر غریب لوگ متاثر ہوتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں بھی اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کپتان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری چینل کو صرف حکومتی کوریج تک محدود نہیں رکھا جائے گا، بلکہ پی ٹی وی کو معلومات، تفریح اور غیر جانبداری کے ایجنڈے پر گامزن کیاجائے گا، تمام ضروری تبدیلیاں لائی جائیں گی اور ریڈیو پاکستان پر بھی عوام کا اعتماد بحال کیا جائے گا۔