پشاور: خیبرپختون خوا کے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری کے لئے پی ٹی آئی نے پارلیمانی بورڈ کے لئے شاہ فرمان،عاطف خان اورمحمود خان کے نام دے دئیے ہیں۔
ا خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک اورصوبائی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف مولانا لطف الرحمان کے درمیان گزشتہ ماہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے ہونے والی ملاقات میں حکومت نے جے یوآئی (ف) کے تجویزکردہ نام منظورآفریدی پراتفاق کرلیا تھا تاہم پھرچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے منظور آفریدی کا نام مسترد کرتے ہوئے پرویز خٹک کو نگراں وزیراعلیٰ کے لیے دوسرا نام دینے کی ہدایت کی تھی۔
اب خیبرپختون خوا کے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری میں نیا موڑ آگیا ہے اور پی ٹی آئی نے پارلیمانی بورڈ کے لیے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پارلیمانی بورڈ کے لئے ہماری جانب سے شاہ فرمان،عاطف خان اورمحمود خان کے نام دے دیئے گئے ہیں۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلٰی کے ناموں پر مشاورت نہ کرنے پر خیبرپختون خوا اسمبلی کی سابق اپوزیشن جماعتیں پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن ، اے این پی اور قومی وطن پارٹی اپوزیشن لیڈر کے خلاف ہوگئیں ہیں اور چاروں جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بھی جاری ہے۔