پیرس: 27 اکتوبر2017ء: سفارت خانہ پاکستان فرانس نے گزشتہ سال سے شروع ہونے والے عوامی سفارت کاری کے پروگرام ”سلیبریٹنگ پاکستان“کے تحت فرانس کے مختلف شہروں میں متعدد ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جس سے فرانس میں پاکستان کے مثبت پہلوں کو اجاگر کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔
معین الحق سفیر پاکستان برائے فرانس نے پچھلے ماہ پیرس کے نزدیک سارسل میں پاکستان کے پہلے اور بڑے میلے کے کامیاب انعقاد کے سلسلے میں کل سفارت خانہ پاکستان میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کی میلے کو کامیاب بنانے میں انتھک کوششوں اور تعاون کی تعریف کی۔
سفیر پاکستان نے تمام منتظمین، رضاکارانہ طور پر کام کرنے اور مالی معاونت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی قومی مفاد میں ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی مثال سے فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کا مثبت پہلو سامنے آیا ہے۔
سفیر پاکستان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے ”سلیبریٹنگ پاکستان“ کے عنوان سے اٹھائے گئے عوامی سفارت کاری کے اقدامات کے تحت فرانس کے کئی شہروں میں تقریبات منعقد کی جا چکی ہیں جن میں فیشن شو،پیرس میں آم میلہ، فرانسیسی شہر لیوں میں ثقافتی سٹال، فرانسیسی شہر آواں میں پاکستانی میلہ اور پیرس میں بین الاقوامی کھانوں کی نمائش میں بھی پاکستانی سٹال لگائے جاچکے ہیں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ میلے کے دوران پاکستان کی تاریخ و ثقافتی ورثہ، فن، دستکاریوں، کھانوں اور موسیقی کی نمائش سے فرانسیسی عوام میں پاکستان کا مثبت اثر پیدا ہوا ہے۔
سفیر پاکستان نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کمیونٹی آئیندہ بھی اسی جوش و جذبے سے سفارت خانہ کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
بعدازاں، سفیر پاکستان نے منتظمین، فنکاروں، موسیکاروں، ماڈلز، سپانسرز اور صحافیوں میں میرٹ کی بنیاد پر تعریفی اسناد تقسیم کیں۔