لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے میں صحت عامہ کی معیاری سہولتیں یقینی بنانے کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کی منظوری دے دی۔
لاہور میں ویڈیو لنک سے سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب کے 10 اضلاع میں صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا اور صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے وضع کردہ پروگرام پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار پروگرام کے تحت پورے پنجاب تک بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے ایک آزاد اور خود مختار ادارے کے قیام کا جائزہ لیا جائے اور پروگرام کی مکمل مانیٹرنگ کا جامع میکانزم بھی مرتب کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت کی صوبے میں صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری لانے کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔