پھل کی قیمتوں کو معمول پر لانے کے لئے عوام متحرک ہورہی ہے، ملک بھر میں عوامی حلقوںمیں تین دن پھل نہ خریدنے کی مہم کا پرچار ہورہاہے۔
پھل کی قیمتوں میں رمضان سے ایک دن پہلے یعنی 27 مئی سے 30 مئی تک کیا فرق پڑا ہے۔ یہ جاننے کے لئے ابتداء کی کمشنر آفس کی دو تاریخوں کے نرخ ناموں سے کی تو پتہ چلا کہ درجن کیلے ان دو تاریخوں میں 36 روپے تک بڑھ چکے ہیں۔ تربوز کی قیمت 33 روپے سے بڑھ کر 44 روپے کلو ، خربوزہ پیلا 55 روپے سے بڑھ کر 78 روپے کلو اور آم سنڈھری 100 روپے سےبڑھ کر 123 روپے کلو تک ہوچکا ہے۔ اسی طرح سیب کی قیمت 130 روپے سے بڑھ کر 150کلو، خوبانی 190 روپے کلو کے نرخ پر ہی برقرار ہے جبکہ آلو بخارا 200 روپے کلو سے بڑھ کر 280 روپے کلو ہوچکا ہے۔
یہ اضافہ تو کمشنر لسٹ میں پایا گیا ہے مگر بازار کے ریٹ کچھ الگ ہی ہیں جس کے مطابق درجن کیلے 150 روپے سے 180 روپے ، تربوز 45 روپے سے 50 روپے کلو، خربوزہ 80 سے 100 روپے کلو، آم سنڈھری 150 سے 200 روپے کلو، سیب کی قیمت 200 روپے سے 250 روپے ، خوبانی 190 پر نہیں رکی بلکہ یہ 200 روپے تک جا پہنچی ہے اور آلو بخارا بھی300 روپے سے اوپر فروخت ہورہا ہے۔