اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی بجٹ کو الفاظ کا گورکھ دھندا قرار دے دیا، خورشید شاہ کہتے ہیں بجٹ عوام دوست نہیں، سراج الحق کے مطابق غریب کیلئے صرف موت سستی ہوئی، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نئے میزانئے میں عوام کے لئے کچھ بھی نہیں، شیخ رشید نے اعداد و شمار کو ہی غلط قرار دے دیا۔
اسلام آباد: (یس اُردو) اپوزیشن کے مطابق وفاقی بجٹ دو ہزار سولہ، سترہ الفاظ کا گورکھ دھندہ ہے، کسی نے نیا میزانیہ مسترد کیا تو کسی نے ظالمانہ قرار دے دیا۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ نیا بجٹ عوام دوست نہیں، اس لئے اسے مسترد کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کہتے ہیں کہ غریب کے لئے صرف موت سستی ہوئی ہے۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ وزیر خزانہ کی تقریر مایوس کن تھی، ماضی کی کہانی ہی دہرائی گئی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے مطابق وزیر خزانہ نے غلط اعداد و شمار پیش کئے۔ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی بجٹ کو مایوس کن قرار دے دیا۔ مسلم لیگ ق کے چودھری پرویز الہٰی کہتے ہیں کہ محنت کشوں، تاجروں اور دیگر شعبوں کے لوگوں کو نئے بجٹ سے نیا رگڑا لگے گا، کسان خوش کن اعلانات نہیں، عملی اقدامات چاہتے ہیں۔