راولپنڈی۔۔۔۔۔ملک بھر میں آرمی پبلک اسکول اور فیڈرل گریژن بورڈ کے تحت چلنے والے تمام اسکول 31 جنوری تک بند رہیں گے، راولپنڈی میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند ہیں، سیکنڈری کلاسوں کے طلبا کو امتحانات کی تیاری کے لیے 3 گھنٹے کے لیے اسکولوں میں بلایا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے سرما کی تعطیلات کے اعلان کے بعد اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں نے بھی 31 جنوری تک چھٹی کا اعلان کیا تھا تاہم گذشتہ روز وزارت کیڈ کی جانب سے وضاحتی اعلامیہ جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد کے کسی اسکول میں چھٹی نہیں دی گئی جس کے بعد آج اسلام آباد کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کھول دیے گئے جبکہ راولپنڈی میں آرمی پبلک اسکولز اور فیڈرل گریژن بورڈ کے تحت چلنے والے تمام اسکولوں سمیت نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 31 جنوری تک بند رہیں گے۔ذرائع کے مطابق ان اسکولوںکو سیکیورٹی خدشات کی بناء پر بند کیا گیا ہے، تاہم شہر کے سرکاری اسکولوں میں سیکنڈری کلاسوں کے طلبا کو روزانہ 3 گھنٹے کے لیے اسکول میں بلایا گیا ہے جس کی وجہ امتحانات کی تیاری بتائی جارہی ہے۔