لاہور: انڈیا سے تجارت بحال نہیں: شیخ علاؤالدین، نہیں کہا بھارت سے سبزیاں منگوائیں: اپوزیشن لیڈر، میں نے جمعہ کو کتے بلیوں والی بات جنگ عظیم دوم کے تناظر میں کی تھی: صوبائی وزیر
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں میڈیکل انٹری ٹیسٹ کی نئی سفارشات پیش، انٹری ٹیسٹ کے 50 کے بجائے 10 فیصد نمبر رکھنے کی سفارش کر دی گئی۔ اجلاس میں شیخ علاؤالدین نے کہا کہ کسی مافیا کے کہنے پر بھارت سے تجارت بحال نہیں کی جائے گی۔ وزار تیں اور عہدے آنی جانی چیز ہیں۔ ملکی سالمیت وقار کو داؤ پر نہیں لگائیں گے۔ اپوزیشن نے کہا کہ حکومتی جماعت کے قائدین کی دوستیاں مودی سے ہیں۔ اپوزیشن نے کبھی نہیں کہا بھارت سے سبزیاں منگوائی جائیں۔ پنجاب کے عوام کو گدھے اور گھوڑے تک کھلا دئیے گئے، اگر ٹماٹر کی جگہ کتے اور بلیاں کھلا دیں تو کیا ہرج ہو گا، اس پر ایوان میں ہنگامہ ہو گیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ تیس منٹ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ آبپاشی، صنعت و تجارت اور زکوٰۃ و عشر کے محکموں کے متعلق سوالات کے جواب صوبائی وزیر امانت اللہ شادی خیل، شیخ علاؤ الدین اور نغمہ مشتاق نے دئیے۔ میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے متعلق 13 رکنی قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی رپورٹ ایوان میں پیش کردی گئی۔ میاں اسلم اقبال کے احتجاج پر قائم کی گئی خصوصی قائمہ کمیٹی نمبر نو نے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے متفقہ سفارشات پیش کر دیں۔ کمیٹی نے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے نمبر مکمل طور پر بدلنے کی سفارش کر دی ، جس کے مطابق میٹرک کے 20 انٹرمیڈیٹ کے 70 اور ایم کیٹ ٹیسٹ کے 10 نمبر کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ پہلے انٹری ٹیسٹ کے 50 نمبرز تھے ۔ قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش ہونے کے بعد معاملہ ایوان کے سپرد کردیا گیا، حکومتی منظوری کے بعد نئی سفارشات 2018 سے نافذ العمل ہوں گی۔
ایوان سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شیخ علاؤ الدین نے کہا کہ میں نے جمعہ کو کتے بلیوں والی بات جنگ عظیم دوم کے تناظر میں کی تھی ، میڈیا میں غلط بات کوڈ کی گئی۔ کچھ لوگ مجھے دباؤمیں لانے کی کوشش کررہے ہیں کہ بھارت سے تجارت دوبارہ بحال کی جائے ۔ مجھے اپنی وزارت کی پروا نہیں چاہے استعفیٰ دینا پڑے بھارت سے سبزیاں نہیں منگواؤنگا۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ 10 سال پہلے کی مثالیں نہ دیں آج ایک ہزار گنا زیادہ مہنگائی ہوئی ہے ۔ کبھی نہیں کہا بھارت سے سبزیاں منگوائی جائیں۔ اپوزیشن کے رکن خرم شیخ کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر کورم پورا کرنے کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں ، لیکن کورم پورا نہ ہوسکا ، جس پر اسپیکر نے اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کردیا۔