لاہور (یس ڈیسک) صوبے میں محفوظ انتقال خون اور مریضوں کو بیماریوں سے پاک صحت مند خون کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کا ترمیم شدہ مسودہ قانون تیار کر لیا گیا۔ مسودہ محکمہ قانون سے پڑتال کے بعد پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کر دیا جائیگا۔ یہ بات مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ترمیمی مسودہ قانون کی شقوں پر غوروخوض کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، جرمنی کے کنسلٹنٹ پال کوہرٹ، ڈاکٹر جعفر سلیم، ڈاکٹر جویریا اور دیگر نے شرکت کی۔ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ مجوزہ مسودہ قانون پر مزید غور کے لئے بی ٹی اے بورڈ کے ٹیکنیکل ممبران کا فوری اجلاس آج بلایا جائے۔ غیر معیاری، غیر قانونی اور بنیادی سہولیات کے بغیر کام کرنے والے بلڈ بینکس کے خلاف قانونی شکنجہ تنگ کرنے کے لئے سخت قانون سازی کی جائے گی۔