پنجاب کابینہ نے چھوٹے کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بلا سود قرضے فراہم کرنے کے تاریخ ساز پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں بلا سود قرضوں کے پروگرام کے لیے پنجاب حکومت اور مالیاتی اداروں کے مابین معاہدوں کی بھی منظوری دی گئی ہے-
پنجاب کابینہ کا اجلاس لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس کو محرم الحرام کےسیکورٹی انتظامات، پولیس نظام میں اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی-
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے 202 تھا نوں میں فرنٹ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے ،جبکہ 31 دسمبر 2016ء تک پنجاب کے تمام تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم کر دیئے جائیں گے – مدارس اور مساجد کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ، قائد اعظم سولر پارک میں لگائے جانے والے سولر پاور پراجیکٹ اور بھکھی گیس پاور پلا نٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے بریفنگ دی گئی-
کابینہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے اپنے وسائل سے لگائے 100 میگا واٹ کے سولر منصوبے کو پرائیویٹائز کرنے کے فیصلے کی توثیق کی ہے-اجلاس میں متعدد ترقیاتی منصوبوں، پروگراموں اور ترقیاتی سکیموں کیلئے فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی۔