لاہور ایئرپورٹ پر پروازیں لینڈ نہ کرسکیں ، شیخوپورہ میں موٹر وے پر شدید دھند کے باعث حدنظر محدود ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں
لاہور (یس اُردو) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اندھا دھند چھاگئی ، موٹر وے پر فیکٹری ایریا کے قریب بارہ گاڑیاں ٹکرا گئیں ۔ تین افراد زخمی ہوگئے ۔ لاہور ائیرپورٹ پر دو پروازیں نہ اتر سکیں ، سیالکوٹ بھجوا دیا گیا ۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں چھائی دھند نے تمام مناظر دھندلا دئیے ، شیخوپورہ میں موٹروے پر دھند کے باعث حدنظر محدود ہوئی تو فیکٹری ایریا کے قریب بارہ گاڑیاں ٹکرا گئیں ۔ حادثے کے باعث موٹروے پر ٹریفک بلاک ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ لاہور ائیرپورٹ پر بھی دھند کا راج ہے اور دو پروازیں نہ اتر سکیں ۔ کویت سے آنے والی پی کے 206 اور کوالالمپور سے آنے والی پی کے 899 کو سیالکوٹ بھجوا دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی پروازیں لاہور لائی جائیں گی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ تک رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی ۔