لاہور (یس ڈیسک) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب میں ہماری تیاریاں مکمل ہیں عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا پنجاب میں کے تمام تعلیمی ادارے بارہ جنوری کو کھل جائیں گے۔ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے این سی سی کی ٹریننگ کا دوبارہ سے آغاز کیا جا رہا ہے جو اسکولوں ،کالجز میں ہوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا متعلقہ ڈی سی او روزانہ کی بنیاد پر صورتحال مانیٹر کرینگے جن اسکولوں کی چار دیواری نہیں انہیں ڈیڑھ ماہ کا وقت دے رہے ہیں اور جہاں سیکورٹی کیمرے نہیں وہاں لگائے جائیں گے۔
جہاں پر ڈبل شفٹ ہو گی وہاں اسی حساب سے سیکورٹی ہو گی۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے کہا اسکولوں کیساتھ ٹرانسپورٹ کا روٹ متعلقہ ایجنسیوں کو دیدیا گیا ہے۔واضح رہے سانحہ پشاور کے بعد سیکورٹی خدشات کے باعث پنجاب میں 19 دسمبر سے تعلیمی ادارے بند تھے۔