لاہور (یس ڈیسک) پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کی بدانتظامی کی وجہ سے آج پنجاب بھر میں پانچویں جماعت کا پرچہ نہ ہو سکا۔ پرچہ ملتوی ہونے کے بارے میں والدین کو پہلے سے آگاہ کرنے کی زحمت بھی نہ کی گئی۔
پورے پنجاب میں آج ہزاروں بچے پانچویں کا پرچہ نہ دے سکے۔ وجہ نہ سیکیورٹی تھی اور نہ پرچہ آؤ ٹ ہونا۔ بچے تیاری کرکے پہنچنے تو امتحانی مراکز کے باہر لکھاپایا کہ آج کا انگریزی کا پرچہ کل ، کل والا اردو کا پرسوں ہوگا۔ اچانک اس تبدیلی کی وجہ سے بچوں اور والدین کو حیرانی اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
پانچویں جماعت کا پرچہ ایگزامینیشن کمیشن کے تحت ہونا تھا، اس بدانتظامی اور اچانک پرچہ ملتوی ہونے کے بارے میںکمیشن کی جانب سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی تاہم ذرائع بتاتے ہیں کہ پرچہ لیا کیسے جاتا جب پیپر چھپ کر ہی نہیں آئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اگزامینیشن کمیشن نےاس بارہر ضلع میں پیپرز شائع کرنے کی پالیسی بنائی تھی،لیکن متعدد اضلاع کےمحکمہ تعلیم نےاس پالیسی سےاختلاف کرتے ہوئے پیپرز شائع کرنے سے انکار کر دیا ،اس وجہ سے پیپرز شائع ہونے میں تاخیر ہوئی۔