پنجاب حکومت نے میڈیکل انٹری ٹیسٹ دوبارہ لینے کا اعلان کر دیا۔ ایم کیٹ کا پیپر اسی مہینے کے آخری ہفتے میں لیا جائے گا۔ پیپر لیک ہونے پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم قائم کردی گئی۔ آؤٹ ہونے والے پیپر کی تحقیقات کے متعلق صوبائی ورزاء پریس کانفرنس میں کچھ نہ بتا پائے۔
میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پیپر آؤٹ ہوا۔ عدالت کے نوٹس پر تحقیقات ہوئی۔ پولیس، ایف آئی اے، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور فورنزک ایجنسی نے انکوائری کی۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق اور پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے اس معاملے پر پریس کانفرنس کی اور کہا کہ ایم کیٹ کا پیپر اسی مہینے کے آخری ہفتے میں دوبارہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ملزمان کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا دعویٰ تو کیا لیکن نہ تو ملزمان کے نام ظاہر کیے نہ پیپر لیک ہونے پر فائدہ اٹھانے والوں کی تفصیل ان کے پاس تھی۔ پریس کانفرنس میں صحافیوں نے سخت سوالات کیے۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں پہلے کچھ بتا دیا تو ملزمان بھاگ جائیں گے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے نتائج کےمطابق انٹری ٹیسٹ میں 63412 امیدواروں نے حصہ لیا جبکہ صرف 409 طلبہ 80 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرسکے۔