فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 زیر حراست ملزمان ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کا دعوی ہے کہ ملزمان کو ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ مسلح ساتھیوں نے انہیں چھڑانے کے لیے فائرنگ کی، جس سے دونوں ملزمان مارے گئے۔
پولیس ذرایع کے مطابق ڈکیٹی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث2 ملزمان قیصر اور فیاض کو ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ خانوالہ کے قریب ان کے زیر حراست ملزمان کو چھڑانے کے لیے انکے ساتھیوں نے مبینہ طور پر پولیس پر فایرنگ کر دی۔ فائرنگ سے دونوں زیر حراست ملزمان شدید زخمی ہو گئے، جبکہ پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی زخمی ہو گیا، جس کے ساتھی اسے لے کر فرار ہو گئے۔
فائرنگ میں زخمی ہونے والے دونوں زیر حراست ملزمان کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
دوسری جانب شیخوپورہ میں بھی مبینہ پولیس مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس وین دیکھ کر فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں 2ڈاکو ہلاک کر دیے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ برآمدہ وا ہے۔
ادھر سرگودھا روڈ ڈیرہ ملھے بلند میں مسلح ڈاکو لوگوں کو لوٹنے میں مصروف تھے۔ پولیس وین کو دیکھ کر ڈاکووں نے فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو ہلاک، جبکہ ان کے ساتھی ڈاکو رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔