احمد پور میں کالج کی دیوار گرنے سے باپ، بیٹا اور نوجوان ، بہاولپور میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون چل بسی
لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد نو ہوگئی ، درجنوں افراد زخمی ہوئے ۔ لاہور رائیونڈ روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 3 مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ۔
پنجاب میں آندھی اور طوفانی بارش سے تباہی مچ گئی، مختلف علاقوں میں حادثات بھی پیش آئے ۔ احمد پور سیال میں بارش اور تیزہواؤں سے نجی کالج کی دیوار گرگئی ، ملبے تلے دب کر باپ بیٹا اور نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔
بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور 2 خواتین زخمی ہوگئیں ۔ کرنٹ لگنے سے میونسپل کارپوریشن کا سینٹری ورکرکام کرتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا ،
لاہور کے علاقے گرین ٹائون میں مکان کی چھت گر نے سے بچوں سمیت چار افراد زخمی ہوئے ، رائیونڈ روڈ پر گودام کی چھت گر گئی جس سے پانچ مزدور ملبے تلے دب گئے ۔ فیصل آباد میں زیرتعمیر گھر کی چھت گرنے سے ایک مزدور دم توڑ گیا ۔ منڈی بہاؤ الدین میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی ملبے تلے دب کر 3 افراد زخمی ہوئے ۔ آزاد کشمیر کے علاقے چکار میں مال بردار ٹرک نالے میں گرگیا جس سے ڈرائیور زخمی ہوگیا۔