لاہور/کراچ : پنجاب میں شیردھاڑا ،سندھ میں تیر نشانے پر لگا، پنجاب میں مسلم لیگ ن اور سندھ میں پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کا میدان مار لیا ۔
اب تک کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ن 871 نشستیں حاصل کرکے سب سے آگے ہے، سندھ میں پیپلز پارٹی 564 نشستیں لے اڑی، کامیاب امیدواروں کے حامیوں کا جشن جاری ہے،ڈھول کی تھاپ پر رقص اورنعرے کی جا رہی ہے۔
بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے،پنجاب میں ن لیگ پہلے نمبر پر ،آزاد امیدواروں کا دوسرا نمبر ،تحریک انصاف تیسرے نمبر پر ہے،سندھ میں پیپلز پارٹی کو سب پر برتری حاصل ہے، فنکشنل لیگ کا دوسرا نمبر ہے۔
تخت لاہور پر شیروں کی سلطنت قائم ہو گئی۔ مسلم لیگ ن نے 274میں سے 220 نشستیں جیت کرسب کا صفایا کردیا ۔ تحریک انصاف کے حصے میں صرف12نشستیں آئیں ۔ گجرات اور فیصل آباد میں بھی مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا۔
بلدیاتی انتخابات میں بڑے بڑے برج الٹ گئے،فیصل آباد میں ن لیگ کے مخالف چوہدری شیرعلی کی دھاڑبھی کام نہ دکھا سکی ،شیرعلی کے بیٹے اور عابد شیر علی کے بھائی عامر شیرعلی ہار گئے، اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال کے بیٹے رانا محمود اقبال گھر میں ہی ڈھیر ہوگئے۔ عمران خان کے اسٹاف ہیڈ کے بھائی چوہدری امین اور لیاقت بلوچ کے صاحبزادے سلمان بلوچ بھی جیت کا تاج نہ پہن سکے۔