برمنگھم (ایس ایم عرفان طاہر سے) اسلامی ادارے دین کی نرسریاں ہیں جہا ں پر ایک مرد مومن دین کی حقیقی تعلیمات سے روشناس ہو تا ہے ، قادریہ ٹرسٹ برطانیہ کی دین متین کی تبلیغ و ترویج اور تعلیم کے فروغ کے لیے انقلا بی خدمات قابل ستائش ہیں ان خیالا ت کا اظہا ر ممتاز روحانی و مذہبی شخصیت سجا دہ نشین آستانہ عالیہ عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن نے قادریہ ٹرسٹ برطانیہ کے تفصیلی دورہ کے دوران مختلف علماء و مشائخ اور حفاظ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر چیئرمین قادریہ ٹرسٹ پیر محمد طیب الرحمن قادری ،چیئرمین رویت حلال کمیٹی پاکستان پروفیسر مفتی منیب الرحمن، مفتی محمد لیا قت حسین الا زہری، پیر محمد خالد سلطان القادری خانوادہ حضرت سخی شلطان با ہو مرکزی چیف آرگنائزر جماعت اہل سنت پاکستان و امیر جما عت صالحین ، صاحبزادہ پیر حسان حسیب الرحمن ، سرپرست اعلیٰ جماعت اہل سنت برطانیہ مفتی گل رحمن قادری ، علامہ غلام ربانی افغانی ناظم اعلیٰ جما عت اہل سنت برطانیہ ، حافظ محمد سعید احمد مکی ناظم نالیا ت جما عت اہل سنت برطانیہ ،مولانا بوستان قا دری، شیخ مصباح المالک لقمانوی چیئرمین ادارہ مصباح القرآن برطانیہ، مولانا الطاف حسین اور دیگر بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔
انہوں نے کہاکہ دیار غیر میں دینی اداروں کی اہمیت و حیثیت بہت زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو حقیقی اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانا اور حلال حرام کی تمیز با رے آگا ہ کرنا نہا یت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو لو گ دینی تعلیما ت کے لیے خدما ت پیش کر رہے ہیں انکی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں دوسروں سے زیادہ اہمیت دینا ہمارا اخلاقی فریضہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ جواں سال نسل کو بد عقیدگی اور لا دینی قوتوں سے بچانے اور ان کا مستقبل روشن بنا نے کے لیے انہیں دینی اداروں سے منسلک کرنا ہو گا ۔ انہو ں نے کہاکہ وہی والدین دنیا اور آخرت میں کامیاب و کامران ہیں جو اپنے جا نے کے بعد دنیا میں نیک اور صالح اولا د چھوڑ جا تے ہیں جن کے نیک اعمال کا ایصال ثواب انہیں مرنے کے بعد قبر میں بھی پہنچتا رہتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان نامساعد حالا ت میں جب ظاغوتی اور صیہونی طاقتیں دین اسلام کی حقیقی تصویر کو مسخ کرکے پیش کر رہے ہیں دینی اداروں کی اہمیت اور فضیلت بہت زیادہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علماء حق اپنی ذمہ داری پو ری کرتے ہو ئے اپنے روشن مستقبل کو حقیقی اسلامی تعلیمات سے مزین کریں تا کہ کوئی بھی اسلام دشمن ہما رے بچوں کو بہکانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ اس موقع پر چیئرمین قادریہ ٹرسٹ برطانیہ پیر محمد طیب الرحمن قادری نے علماء و مشائخ کو قادریہ ٹرسٹ کا تفصیلی دورہ کرواتے ہو ئے مستقبل قریب کے حوالہ سے تیار کیے جا نے والے منصوبوں کے حوالہ سے بریفنگ دی اور معزز مہمانان گرامی کو پر تکلف ظہرانہ بھی پیش کیا گیا۔