راولپنڈی میں نماز جنازہ کے موقع پر تمام تعلیمی ادارے بند ، جڑواں شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات
راولپنڈی (یس اُردو) ممتاز قادری کی نماز جنازہ آج دوپہر دو بجے راولپنڈی میں ادا کی جائے گی ، راولپنڈی کے تمام تعلیمی ادارے جبکہ اسلام آباد کے پرائیویٹ سکولز بند ہیں ، جڑواں شہروں میں سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے جرم میں پھانسی پانے والے ایلیٹ فورس کے سابق اہلکار ممتاز قادری کی نماز جنازہ آج راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ادا کی جائے گی ، جبکہ تدفین آبائی علاقے اٹھال اسلام آباد میں ہوگی ۔ اس موقع پر جڑواں شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ ریڈ زون کو جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیئے گئے ہیں ۔ راولپنڈی اسلام آباد میں اہم عمارتوں کی سیکورٹی رینجرز کے حوالے کر دی گئی ہے ۔ راولپنڈی اسلام آباد کے داخلی راستوں پر بھی نفری اضافہ کر کے چیکنگ سخت کر دی گئی ہے ۔ راولپنڈی شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں آج چھٹی ہے ۔ راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا میٹرک پارٹ ٹو کا پرچہ ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ پیپر کینٹ کے 65 مقامی سینٹروں میں ملتوی کیا گیا ہے جو 4 اپریل 2016 کو لیا جائے گا ۔ اسلام آباد میں پرائیویٹ سکولز اور بیشتر یونیورسٹیاں بند ہیں ۔