کراچی (یس ڈیسک) رکن سندھ اسمبلی اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کراچی آپریشن کے نام نہاد کپتان ہیں ، فیصل سبز واری کہتے ہیں اگر ہم نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پر حملہ کیا ہے تو قائم علی شاہ حملے کا مقدمہ ہم پر درج کرائیں۔
سندھ اسمبلی میں ہونے والی تلخی کی باز گشت ایوان کے باہر بھی سنائی دی گئی ، اجلاس سے واک آؤٹ کرنے کے بعد متحدہ کے خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کیا کسی سیاسی جماعت کو اپنے کارکن کے قتل پر آواز اٹھانے کا حق نہیں ہے ؟ پیپلز پارٹی کو جمہوری طریقے سے بات سمجھ نہیں آتی ، وزیر اعلیٰ سندھ نے متعصبانہ لہجے میں ہمارے سوالوں کے جوابات دیئے۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا ایڈیشنل آئی جی کے بیان پر وزیر اعلیٰ سے وضاحت مانگی تھی ، وزیر اعلیٰ سندھ کراچی آپریشن کے نام نہاد کپتان ہیں۔ رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے الفاظ سے ثابت کیا سندھ بدقسمت صوبہ ہے۔
انہوں نے کہا بدعنوان اور بدمست پولیس کے تشدد سے ہمارا کارکن مارا گیا ، قائم علی شاہ نے ماضی میں بھی ہمیں بہت لاشیں دیں۔ فیصل سبزواری نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ سے صوبہ نہیں چلایا جا رہا ، پیپلزپارٹی صوبے پر رحم کرے ، ان کا کہنا ہے کہ اسمبلی سے لے کر وزیر اعلیٰ ہاؤس تک دھرنا دے سکتے ہیں۔ فیصل سبزواری نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ کے خلاف ایوان میں تحریک استحقاق پیش کریں گے۔