شکریہ عمران خان، اسلامی بلاک اور آئی ایم ایف کو جواب سے لے کر پاک چائینہ مستحکم فرینڈشپ تک شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات کو دوبارہ زندہ کردیا۔ قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق چیف آرگنائزر برائے یورپ قاری فاروق احمد فاروقی نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان نے بین الاقوامی فورم پر دوبارہ اسلامی بلاک کو زندہ کرنے کا اعلان کرکے بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ ، صیہونی اورطاغوتی طاقتوں سمیت پاکستانی نوآموز سیاستدانوں کو بتا دیابھٹو آج بھی زندہ ہے۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک نظریے کا نام ہے جس نے 90ہزار پاکستانیوں کو دشمن کی قید سے چھڑا کر سیاست اور مذاکرات کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔ اور پھر ترقی کا نہ رکنے والا سفر شروع ہوا جس میں تمام اسلامی ممالک کےساتھ برادرانہ تعلقات کو قائم کیا گیا اور اس کو مثبت راستے پر گامزن کر کے ایٹمی پروگرام شروع کیا گیا جس کا مقصد تمام اسلامی ملکوں کو محفوظ بنانا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا تھا۔ آج وزیراعظم عمران خان نے سی پیک اورپاک چائنہ فرینڈ شپ کو مستحکم خطوط پر استوار کرنے اور اسلامی ممالک کا بلاک بنانے کا اعلان کر کے ون یونٹ کے نظریے کو زندہ کیا ہے جس کا شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 70 کی دھائی میں آغاز کیا اورپھر اس نیک مقصد کے راستے میں بین الاقوامی اور اندرونی سازشوں کا شکار ہو کر اپنی جان تک قربان کردی۔