پاکستانی خواتین کےلئے موجودہ دور میں سب سے بڑی مثال محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہیں جنہوں نے جرات بہادری سے عورت کے مقام کو بلند ترین ایوانوں میں منوایا ہے، قاری فاروق احمد گورسی
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبرایگزیکٹو قاری فاروق احمد گورسی نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی طرح پاکستان میں عورتوں کے حقوق کیلئے کوئی دوسرا جدوجہد نہیں کرسکا۔ آپ نے ایک دوپٹہ اور چادر اوڑھ کر اوربلند کردار کی مثال بن کر پاکستانی خواتین کیلئے بیش بہا عفت وعصمت کا خزانہ چھوڑا ہے جس کی پیروی کر کے وہ کسی بھی شعبے میں باعزت اوربلند ترین مقام حاصل کرسکتی ہیں۔
محترمہ بے نظیر بھٹو شہید عفت وعصمت کی پیکر اورپاکستانی خواتین کی بہترین نمائندہ اور ان کی حقوق کی سب سے بڑی حامی تھیں ۔ انھوں نے جس طرح چاروں صوبوں میں لیڈی ہیلتھ وزیٹر اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ٹیمیں تشکیل دیکر پاکستانی خواتین کو گھر گھرہستی کے ساتھ ساتھ اپنی آمدنی میں اضافہ کا موقع دیا اسی طرح پورے ملک میں صحت و تندرستی کے ثمرات بھی حاصل کیے۔
آج کی عورت کو ڈاکٹر، وکیل، فوجی اور ملک کی وزیر اعظم بھی بننا ہے تو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی شکل میں بہترین مثال موجود ہے۔