حکومت ہرشعبے میں ناکامی کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے، بزنس کمیونٹی کے مسائل بھی سپہ سالار کو سننے پڑ رہے ہیں، قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے مرکزی راہنما اورمرکزی ممبرپنجاب کونسل قاری فاروق احمد فارقی نے بزنس کمیونٹی کے وفد کے مسائل کے حل میں حکومتی ناکامی پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں صنعتکاروں اورتاجروں کی وجہ سے خوشحالی آتی ہے روزگاربڑھتے ہیں ، برآمدات درآمدات کا دارومدار ہوتا ہے، جب وہی طبقہ ڈیڑھ سال میں حکومت کی طرف سے نااہلی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے تواس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال میں حکومت سے شدید مایوسی کے بعد پورے ملک کے تاجروں کا وفد سپہ سالار کے پاس جاتا ہے اور انھیں اپنے تحفظات اورحکومت کی نااہلیوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کرتا ہے تویہ انتائی تشویشناک صورتحال ہے۔ حکومت نااہلیوں اورناکامیوں کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ ملک میں کوئی طبقہ اوپر سے نیچے تک ایسا نہیں جو حکومتی نااہلی کی وجہ سے شدید ذہنی خلجان میں مبتلا نہ ہو۔ اگر سپہ سالار نے ہی تاجروں اور غریب عوام کو بھی مطمئن کرنا ہے تو سلیکٹڈ کی حکومت اور کرسی کی کیا وقعت ہے۔ ملک کے وزیراعظم کو یہ بات کیوں سمجھ نہیں آرہی کہ صنعتکاروں اورتاجروں کے ٹیکسوں پر وہ اور ان کے وزرا تنخواہیں لے رہے ہیں کم از کم انھیں تو بخش دیں اپنی نااہلی کی بھینٹ نہ چڑھائیں تاکہ ملک میں غریب کا بھلا ہوسکے۔