عظیم عبدالستار ایدھی ہمیشہ زندہ رہینگے، اپنے عمل سے ثابت کیا انسانیت سے بڑا کوئی مذہب نہیں، قاری فاروق احمد فاروقی مینجنگ ایڈیٹر یس اردو نیوز کا خراج تحسین
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) مینجنگ ایڈیٹر یس اردو نیوز قاری فاروق احمد فاروقی نے عظیم سماجی راہنما عبدالستار ایدھی کی تیسری برسی پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم شخصیت نے اپنے عمل اورکردار سے ثابت کردیا کہ انسانیت سے بڑا کوئی مذہب نہیں اور خدمت میں جو عظمت ہے وہ اور کسی شے میں نہیں ہے۔
پاکستان کی ہردلعزیز ہمہ جہت شخصیت جنہوں نے سادگی میں رہ کر بھی دنیا کے بڑے بڑے کاموں میں سے ایک انجام دیا اور امیر ترین غریب شخصیت کا لقب حاصل کیا۔ انھوں نے کہا کہ گھر سے کپڑے کا کاروبار کرنے کیلئے نکلنے والا عبدالستار ایدھی جب ایک مقام پر بے بس و لاچار لوگوں کو دیکھتا ہے تو اس کے دل میں پیسے نہ ہوتے ہوئے بھی خدمت کا جذبہ جاگا اس نے چند لوگوں کو ساتھ ملا کر یہ کارہائے نمایاں انجام دینا شروع کیا اور رفتہ رفتہ دنیا کے بڑے بڑے فلاحی اداروں میں ایدھی فائونڈیشن کو بھی شامل کروالیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کا اعتراف پوری دنیا میں کیا گیا اور نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان سے باہر آج بھی ان کی برسی پر ہزاروں دل غم سے نڈھال ہیں ۔ عالمی شہرت یافتہ سماجی راہنما کی زندگی ایک نمونہ ہے جو کہ ہر پاکستانی کیلئے قابل فخر ہے۔