تمام عالم اسلام کو حضرت علی رضی اللہ عنہ کا یوم ولادت باسعادت بہت بہت مبارک ہو، قاری فاروق احمد گورسی
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبرایگزیکٹو قاری فاروق احمد گورسی نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یوم ولادت پر تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امیر المومنین حضرت علی(رض) اسلامی تاریخ کی وہ درخشاں ہستی ہیں کہ جن کا کردار ہر اعتبار سے نمایاں اور ممتاز رہا ہے۔ آپ اس دنیا میں تشریف لائے تو مولود کعبہ کہلائے۔ سب سے پہلے جس ہستی کو دیکھا وہ رسالت مآب (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہی تھے۔آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے سایہ عاطفت میں ہی گھٹنوں کے بل چلے اور آغوشِ رسالت میں نشوونما پا کر بالآخر میدان جہاد کے شہسوار بن گئے۔
حضرت علی رض نے کائنات کی ہر شے کو اسلام کی ہی روشنی میں دیکھا۔ درسگاہِ نبوی میں تعلیم و تربیت پائی۔ معلم انسانیت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسا معلم و مربی ملا۔ رہنے کو نبوت کا گھرانہ اور بود و باش کے لئے سرزمینِ وحی ملی۔ قرآنی آیات کی شانِ نزول کے چشم دید گواہ بنے۔
حضرت علی ابن ابیطالب رض کے یوم ولادت باسعادت کا جشن پوری دنیا میں انتہائی مذہبی جوش جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یس اردو نیوز نیٹ ورک جشن مولود کعبہ کے اس پر مسرت موقع پر اپنے تمام سامعین ناظرین اور چاہنے والوں کو دل کی گہرائی سے مبارک باد پیش کرتا ہے۔