بـرصغیر کے عظیم راہنما قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اوران کے نظریہ حق کو انشااللہ رہتی دنیا تک قائم رہنا ہے، چوہدری فاروق احمد گورسی
پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبرایگزیکٹو قاری فاروق احمد گورسی نے بابائے قوم کے 144ویں یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برصغیر کے عظیم راہنما قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا نظریہ حق تھا اورانشااللہ ہمیشہ حق کے ساتھ رہتی دنیا تک قائم و دائم رہیگا اور اس نظریہ کیساتھ بابائے قوم کی شخصیت بھی دنیا ئے عالم میں زندہ رہیگی۔
ان کا کہنا تھا کہ “بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ہمارے محسن اور قوم کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنی دور اندیشی اور سیاسی پختگی سے برصغیر کے مسلمانوں کو نہ صرف ایک منزل کی راہ دکھائی بلکہ قوم کو اس منزل تک پہنچا کر دم لیا۔ آج کا پاکستان وہ پاکستان نہیں ہے بلکہ قائداعظم کے وارث ہونے کے جھوٹے دعویداروں نے اس ملک کے معاشرتی، سماجی اور معاشی بخیئے ادھیڑ کر رکھ دیے ہیں۔ قائداعظم کے خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے قیام پاکستان والے جذبے اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ قائداعظم کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم دیانت داری، باہمی اتحاد اور خلوص نیت سے پاکستان کی خدمت کرتے رہیں۔”
پاکستانی قوم ہر سال بابائے قوم کے یوم پیدائش 25دسمبر کو یہ عہد کرتی ہے کہ وہ پیارے ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور محنت اورلگن کے ساتھ کام کرے گی اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی جمہوری ریاست بنا کر دم لے گی جس کا خواب بابائے قوم نے دیکھا تھا۔