کروناوائرس سخت ترین امتحان کی شکل ہے، سنت نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہونے سے ہی عالم اسلام سرخروہوسکتا ہے، قاری فاروق احمد گورسی
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) مینجنگ ایڈیٹر یس اردو نیوزقاری فاروق احمد فاروقی نے عالم اسلام پر سنت نبوی ﷺ کی پیروی کرنے پرزور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں لوگوں میں کرونا کیخلاف آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔ وبائی مرض ایک انتہائی تیز رفتار موت کی شکل میں وارد ہوا ہے ایسی صورت میں تمام قسم کے اجتماعات سے اجتناب ہی بہترین احتیاط ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سنت پرعمل پیرا ہونا ہرمسلمان کا فرض ہے اور نبی پاک ﷺ نے قدرتی آفات میں صحابہ کو گھروں میں عبادت کا حکم دیا تھا اور گوشہ نشینی کی تلقین کی تھی جس سے قدرتی آفات کے دنوں میں صحابہؓ کی جان و مال کی حفاظت ممکن ہوسکی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعۃ المبارک اورنماز باجماعت کے اجتماعات سنت نبوی ﷺ کی روشنی میں ملتوی کیے جائیں تاکہ شدید وبائی مرض کو پھیلنے سے روکا جائے ورنہ ہمارے پسماندہ دیہات اورشہروں کے متوسط گھرانوں کے لوگ اس کے علاج معالجہ کے متحمل نہیں ہوسکتے اورنہ ہی ملک میں اس مرض سے نمٹنے کیلئے وسائل موجود ہیں۔
انہوں نے زوردیا کہ علما کو اس بیماری کے خلاف عوام الناس کو آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام الناس امتحان اورآفت کے معانی سمجھیں اور امتحان میں سرخرو ہونے کیلئے لائحہ عمل اختیار کریں اورگھروں میں رہیں اورمحفوظ رہیں۔