پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر ایگزیکٹو قاری فاروق احمد گورسی نے کہا ہے کہ سیاسی بنیادوں پرغریبوں کے منہ سے بے نظیر انکم سپورٹ کا وظیفہ چھیننا موجودہ حکومت کا بدترین چہرہ ہے۔ حکومت نے سندھ میں اپنے حلیفوں کو سیاسی فائدہ پہنچانے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے غریبوں کیلئے مختص کیا گیا سب سے بڑا امدادی پروگرام متنازعہ بنانے کی گھنائونی کوشش کی ہے جس کیلئے غریب عوام حکومت وقت کو کبھی معاف نہیں کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے شقی القلبی کی انتہا کرتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کیا اور اس پرایک غیر فطرتی موقع پرست سیاستدانوں کے گروہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کو سندھ میں سیٹیں دلوانے کیلئے غریب عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ مگر حکومت اپنی عزائم میں ناکامی کا منہ دیکھیے گی۔ اس سے پہلے بھی ایسے عناصر نے ملک میں سیاسی جماعتوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی مگر ہمیشہ منہ کی کھائی ہے۔