بابائے آئین پاکستان کا 92 واں یوم پیدائش چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور تمام جمہوریت پسندوں کو مبارک ہو، قاری فاروق احمد گورسی
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبرایگزیکٹو قاری فاروق احمد گورسی نے فخر ایشیا ، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 92 ویں یوم پیدائش پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اورشریک چیئرمین جناب آصف علی زرداری اورتمام جمہوریت پسندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائدعوام جیسا کوئی نہ آیا اور نہ آسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا سردنیا میں بلند کرنے والے اورپاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے فخر ایشیا شہید ذوالفقار علی بھٹو کو عوام کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو ووٹ کا حق دینے والے پاکستان کے پہلے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 5 جنوری 1928 کو لاڑکانہ میں سر شاہنواز بھٹو کے جاگیر دار گھرانے میں آنکھ کھولی، اگرچہ ذوالفقار علی بھٹو کے والد سر شاہ نواز بھٹو مشیر اعلیٰ حکومت بمبئی اور جوناگڑھ کی مسلم ریاست میں دیوان تھے، لیکن بھٹو نے سیاست ہمیشہ عوامی کی اور پاکستان میں قائد عوام یعنی عوام کا رہبر اور بابائے آئین پاکستان بھی کہلائے گئے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی میں موجود اس تضاد نے ہی ان کی شخصیت اور سیاست دونوں کو منفرد بنائے رکھا۔ عوام کو ان کی شناخت دلانے اور سیاست کو امیروں کے ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی گلی تک لانے اور ان میں سیاسی شعور بیدار کرنے کا سہرا ذوالفقار علی بھٹو ہی کے سر ہے۔ بھٹو کا روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ آج بھی زبان زدعام ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے ہی انداز میں سیاست کی اور آمر کے سامنے سر جھکانے سے زیادہ جمہوریت اور عوام کی خاطر مقتل کو ترجیح دی۔
جس شان سے بھٹو شہید جیے اور جس شان سے مقتل کی طرف گئے پاکستان اوردنیا کی سیاست میں ایسے کردار ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے عظیم قائد ہمارا فخر اور ان کی جمہوری جدوجہد پاکستان میں جمہوریت پسندوں کیلئے مشعل راہ بنی رہیگی۔؎