بطور ممبر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل شہید بھٹو کے زریں اصولوں کے تحت پارٹی اورعوام کی خدمت جاری رکھیں گے، نو منتخب ممبر پنجاب کونسل قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے فرانس میں مقیم پاکستان پیپلزپارٹی کے فعال ترین سینئر راہنما قاری فاروق احمد فارروقی کو پیپلز پارٹی پنجاب کی مرکزی کونسل کا ممبر منتخب کرلیا۔ انھوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی قیادت اور خصوصاً پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر چوہدری قمرالزماں کائرہ کا شکرگزار ہوں جنہوں نے بھرپور اعتماد کرتے ہوئے مجھے اتنی اہم ذمہ داری سونپی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد بھٹو شہید نے اپنے خون سے رکھی اور یہ واحد پاکستانی پارٹی ہے جو بطور جمہوری پارٹی عالمی سطح پر اپنا الگ مقام رکھتی ہے ۔ پاکستان کی دوسری کوئی بھی جماعت عالمی سطح پر اتنی پذیرائی حاصل نہیں کرسکی ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی یورپ اور پیپلز پارٹی پاکستان کے درمیاں موثر رابطوں کو فعال بنایا جائیگا۔ اور چوہدری قمراالزماں کائرہ اور مرکزی قیادت کے ویژن کے مطابق پنجاب کو پیپلز پارٹی کاناقابل تسخیرقلع بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہاکہوہ سوشل میڈیا کے دور میں قیادت اور پارٹی نقطہ نظر کو بھرپور طریقے سے پھیلانے پر یقین رکھتے ہیں اور بطور ممبر پنجاب کونسل وہ اس کام کو بخوبی بام عروج تک پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں کا ورثہ ہے اور بھرپور جمہوری نظریات پرعمل پیرا ہونے والی جماعت ہے۔ انشااللہ شہید بھٹو اوربی بی شہید کے زریں اصولوں پرمبنی سیاست کو جاری رکھیں گے تاکہ پاکستانی سیاست اور سیاستدانوں پر عوام کی بے یقینی کو ختم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس پر کارکنان اپنی نسلیں قربان کرچکے ہیں اور تمام تر قربانیوں کے باوجود اب بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت پر مکمل بھروسہ کرتے ہیں اور ان کی ایمانداری اور حب الوطنی پر کامل یقین رکھتے ہیں ۔