پیرس(ایس ایم حسنین)پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سینیئر راہنما قاری فاروق احمد نے سرحدوں کی کشیدہ صورتحال پر فرانس کے پاکستانی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی حمایت میں پاکستان پیپلز پارٹی فرانس اور پاکستان کے ورکرز ہمیشہ کی طرح متحد ہیں ۔پاک فوج کے شانہ بشانہ ہو کر ملک دشمن قوتوں اور پاکستان دشمن ممالک کے خلاف ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلاء ہندوستانی قیادت یاد رکھیں کہ پاکستانی عوام، سیاسی اور عسکری قیادت پاکستان کی دفاع اور استحکام کیلئے ایک پیج پر ہیں۔ اگر انڈیا نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی اور تباہی اور بربادی ان کی مقدر بن جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں، خطے میں غربت اور کشمیر دو بڑے مسئلے ہیں جس کی حل کیلئے اقدامات کرنا چاہئے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جموںو کشمیر میںہندوستانی فوج کی جانب سے نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام پر مجرمانہ خاموشی توڑ کر ہندوستان کو ظلم و بربریت سے روکا جائے۔ اور جموں وکشمیر میں رائے شماری کر کے کشمیریوں کے منشاء کے مطابق انہیں آزادی دی جائے۔ مظاہرین نے انڈیا مردہ باد اور پاک فوج و پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔