بلاول بھٹو نوجوان نسل کے بہترین نمائندہ، انکے خلاف نیب مقدمات اورپیشی پر آنے والے کارکنانپر لاٹھی چارج کھلی غنڈہ گردی ہے، قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے سینئر راہنما قاری فاروق احمد فاروقی نے اسلام آباد میں بلاول بھٹو کی نیب پیش پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں پرپولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں پر وحشیانہ تشدد کسی لحاظ سے قبول نہیں حکومت تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی کارکنوں کو ڈیل کرے تاکہ ملکی حالات خراب نہ ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے بہترین نمائندہ اور برصغیر کی عظیم لیڈر بے نظیر بھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری کے کیریئر کے آغاز سے ہی ان پر بے جا مقدمات بنانا کھلی غنڈہ گردی ہے جو کسی بھی مہذب ملک میں روا نہیں ہے
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کسی قسم کی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ عوام اپنے قائدین کی آمد کے موقع پر سیاسی قوت کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔ اسے تشدد سے روکنا دانشمندی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً رمضان کے مہینے میں سیاسی کارکنوں کیساتھ حکومتی رویے کو نفرت کی نگاہ سے دیکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کیساتھ نواز شریف حکومت نے نہایت تحمل کا مظاہرہ کیا ۔ جو سیاسی مخالفین کوبرداشت کرنیکی خوبصورت مثال ہے حکومت اس سے سبق حاصل کرے۔