بلاول بھٹو زرداری نے تھر کول پاور پلانٹ کا افتتاح کر کے سندھ کے عوام سے کیا جانے والا ایک اور وعدہ پورا کر دیاہے، قاری فاروق احمد فاروقی
پیرس(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس کے مرکزی راہنما اور سابق چیف آرگنائزر برائےیورپ قاری فاروق احمد فاروقی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے تھر کول پاور پلانٹ کا افتتاح کر کے سندھ کے عوام سے کیا جانے والا ایک اور وعدہ پورا کر دیاہے۔ پیپلز پارٹی اپنے عوام سے کیا جانے والا ہر وعدہ اور صوبہ سندھ میں شروع کیے جانے والے تمام منصوبے مکمل کرے گی۔موجودہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے وسائل اور حقوق پر قدغن لگانے کے باوجودسندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی اقتدار حاصل کرنے کے لیے عوام کو جھوٹے خواب نہیں دکھائے اور نہ ہی کبھی غلط بیانیاں کر کے عوام کو گمراہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور انکی جماعت اپنے جھوٹے دعوو ں کے بوجھ تلے دھنستے چلے جا رہے ہیں اور اسکا نقصان پاکستان کے غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی حکومت سے سندھ کی ترقی برداشت نہیں ہو رہی اس لیے پیپلز پارٹی کی قیادت کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر دباو ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر دشمن اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے کیونکہ عوام کی ہمدردیاں اور دعائیں ہمارے ساتھ ہیں