ننکانہ صاحب (محمد قمر عباس)جماعت اسلامی بچیکی کے سیکرٹری اطلاعات قاسم علی نے کہا کہ بد دیانتی ،لوٹ کھسوٹ، اقرباء پروری،کرپشن ،مہنگائی ،بے روز گاری نے مملکت خداد پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے صنعت اور زراعت کا شعبہ برباد ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنے عیش و آرام سے فرصت نہیں امیر، امیر سے امیر تر اور غریب ،غریب سے غریب تر ہو چکا ہے۔ہر ادارے میں کرپشن عروج پر ہے حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی لا قانونیت ،بے اطمینانی،بے سکونی اور گو مگو کی کیفیت ہے۔ایسے ماحول میں محترم امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنانے کے لییکرپشن فری پاکستان مہم کا آغاز کر کے ہر پاکستانی کو یہ احساس دلانے کی کوشش کی ہے ان سارے چیلنجز سے پا کستان کو صرف جماعت اسلامی کی محب وطن قیادت ہی نکال سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ جماعت اسلامی کی ہی خصوصیت ہے کہ جس کے سینکڑوں عوامی نمائندے سینیٹرز،ایم پی ایز،ایم این ایز،مئیر،ڈپٹی مئیراور بلدیاتی اداروں کے ارکان میں سے کسی کے دامن پر بھی کرپشن اور اقرباء پروری کا کوئی دھبہ نہیں اور نہ ہی کسی نے پلاٹ لیے اور نہ پرمٹ ۔اور نہ ہی قرضے ہڑپ کیے۔ سیلاب ہو یا زلزلہ ہر مشکل وقت میں جماعت اسلامی کے قومی اور دینی خدمت کے جذبے سے سرشار کارکنان نے قوم کی بلا تفریق خدمت کی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کر کے پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنانے کی جدو جہد میں ہمارا ساتھ دیں۔