دوحہ: قطر میں سعودی عرب سمیت 4 خلیجی ممالک کی بنی ہوئی اشیاء کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سے درآمد کی ہوئی اشیاء کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ جس کے بعد ان ممالک میں تیار کردہ تمام اشیاء کو قطر برآمد نہیں کیا جا سکے گا۔ تاہم جو اشیاء ایئرپورٹ، بحری اڈوں اور دکانوں میں پہلے سے موجود ہیں ان کے حوالے سے کوئی پالیسی سامنے نہیں آئی ہے۔
قطر کی وزارت تجارت کی جانب سے تمام دکانداروں کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک کی تیار کردہ اشیاء کو فروخت کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی اس لیے تمام تاجر ان ممالک کی اشیاء کی خرید و فروخت سے اجتناب برتیں۔ اس حوالے سے وزارت تجارت کے اہلکار ایک ایک دکان کی جانچ پڑتال بھی کریں گے۔
قطر حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن عرب ممالک کے اشیاء پر پابندی لگائی گئی ہے وہ خلیج تعاون کونسل کے اراکین بھی ہیں جس کی وجہ سے ان ممالک کو کئی تجارتی معاملات پر استثنیٰ حاصل ہے۔ اب ان ممالک کی مصنوعات جی سی سی کی تجارتی راہداری سے ضروری جانچ پڑتال اور طریقہ کار سے گزرے بغیر قطر میں داخل نہیں ہو سکیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 5 جون کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر سمیت سات عرب ممالک نے دہشت گردی کا الزام لگاکر قطر سے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ ان ممالک نے قطر کے تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ کو مزید سخت کرتے ہوئے دیگر ممالک سے بھی قطر کے خلاف پابندیوں کی درخواست کی تھی۔