لاہور: لاہور ایئرپورٹ پر حکام نے نایاب باز کی بیرون ملک اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے قطری باشندے کو گرفتار کرلیا۔
محکمہ جنگی حیات کے حکام خالد غیاث کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے نایاب باز کی غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقلی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ احمد حسینی علی محمد السعدا نامی قطری باشندہ ایک بڑے سے بیگ میں 9 نایاب باز چھپا کر دوحہ اسمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ملزم کے قبضے سے برآمد کیے گئے نایاب باز کی مالیت 50 لاکھ روپے بنتی ہے۔ حکام نے قطری شہری کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جہاں اس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ پاکستان سے سالانہ 5 سے 6 ہزار باز غیرقانونی طریقے سے بیرون ممالک اسمگلنگ کئے جاتے ہیں جس میں خلیجی ممالک سرفہرست ہیں۔