پشاور : وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے قومی وطن پارٹی کو صوبائی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے دعوت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے صوبائی حکومت نے حالات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے اور حکومتی اتحادی جماعتوں کو اس فیصلہ پر کوئی اعتراض نہیں، وزیر اعلیٰ نے ایک مرتبہ پھر پیسکو چیف کے خلاف دل کی بڑھاس نکال دی اور کہا گزشتہ ایک مہینے سے ہمیں وفاق کی جانب سے جو بجلی دی جا رہی ہے اس شخص کی نااہلی کے باعث اس کا استعمال مکمل طور پر نہیں کیا جا رہا۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا سیاسی دروازے کبھی بند نہیں کئے جاتے۔ وزیراعلیٰ سے پوچھا گیا بدعنوانی کے الزام میں اخراج کے بعد سیاسی جماعت کی کس طرح تحریک انصاف کی شفاف حکومت میں واپسی ممکن ہے تو وزیر اعلیٰ نے نو کمنٹس کہتے ہوئے بات کو ٹال دیا۔ انہوں نے کہا پیسکو خود چوری میں ملوث ہے اور وہ حالات کو ٹھیک نہیں کرنا چاہتی۔ حالات ٹھیک نہیں ہوتے تو مجبوری کی حالت میں ہمیں اسلام آباد میں دھرنا دینا ہوگا۔
نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے قومی وطن پارٹی نے خیبر پی کے حکومت میں شمولیت کا گرین سگنل دیدیا۔ جماعت اسلامی سے تحریک انصاف کے اختلافات سنگین ہو گئے۔ جماعت اسلامی نے بھی جوابی اقدام کی تیاری کر لی۔ صوبائی حکومت جماعت اسلامی سے محکمہ بلدیات واپس لینے پر غور کر رہی ہے۔ قومی وطن پارٹی کو سینئر وزیر، صوبائی وزیر اور ڈپٹی سپیکر کا عہدے ملے گا۔